بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ مئی 2003 میں امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے طیارہ بردار بحری جہاز ابراہام لنکن کے عرشے پر "مشن مکمل ہؤا" کے بورڈ کے سامنے عراق میں بڑے جنگی آپریشنز کے اختتام کا اعلان کیا۔ واشنگٹن بغداد کی سقوط پر بدستی میں مصروف تھا اور اپنے آپ کو مغربی ایشیا میں نئی سیاسی ترتیب کی تعمیر کے دہلیز پر دیکھ رہا تھا۔ لیکن آج، اس نمائش کے 23 سال سے زیادہ گذرنے کے بعد، امریکی اسٹراٹجیسٹس کے سامنے جو منظر ہے وہ اس زمانے کے بالادستانہ خوابوں سے دور کا بھی تعلق نہیں رکھتا۔
کارنیگی اینڈومنٹ فار انٹرنیشنل پیس کی نئی تحقیق، جو 19 نومبر کو "امریکی طاقت مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں: تحلیل شدہ اور الجھی ہوئی" کے عنوان سے شائع ہوئی، اسی تصویر کی عکاسی کرتی ہے۔ عمرو حمزاوی اور کیتھرین سیلف نے 2 دہائیوں سے زیادہ کی امریکی خارجہ پالیسی کے تجزیئے میں ایک قابل غور نتیجے پر پہنچے:
"اگرچہ نئی طاقتوں کا ابھرنا اور عالمی توازن کی تبدیلی واشنگٹن کے اثر و رسوخ میں کمی میں کردار ادا کرتی ہے، لیکن خود امریکہ کا 'فوجی طاقت پر حد سے زیادہ انحصار' اس زوال کو تیز کرنے کا سب سے اہم سبب ہے۔"
اہم نکات
عراق کی جنگ: داخلی طاقت کی شکست
امریکہ کی سب سے بڑی تزویراتی غلطی یہ تھی کہ وہ تباہ کاری کی اپنی صلاحیت کو سیاسی نظام کی تخلیق کی صلاحیت کے برابر سمجھتا تھا۔ عراق کی جنگ سے واشنگٹن کا مطلوبہ نظام قائم نہیں ہؤا بلکہ اس کا نتیجہ ـ ادارہ جاتی خلاء، دائمی عدم استحکام اور "علاقائی توازن کی ایران کے مفاد میں" تبدیلی ـ کی صورت میں برآمد ہؤا۔ محققین نے عراق کے تجربے کو امریکہ کی ذلت آمیز تزویراتی شکست کی مثال قرار دیا ہے۔
ایران کے خلاف جنگ: اعلان کردہ اہداف میں ناکامی
کارنیگی تحقیق کے مطابق: "امریکہ اب تک ایران کے خلاف جنگ میں اپنا کوئی بھی اعلان کردہ ہدف حاصل نہیں کر سکا۔ علاوہ ازیں، سیکورٹی فراہم کرنے والے فریق، قابل اعتماد مذاکراتی پارٹنر اور اقتصادی ترقی کے شراکت دار کے طور پر واشنگٹن کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔" اسٹمسن تھنک ٹینک (Stimson Center) کی ستمبر 2024 کی رپورٹ بعنوان "کیا ایران کی جنگ سودمند رہی؟ چھ ماہ بعد بھی، جواب ہے: نہیں!" بھی اسی نتیجے پر پہنچی ہے کہ جنگ کے بھاری فوجی، اقتصادی اور انسانی اخراجات کے باوجود امریکی قومی سلامتی کے لئے حاصل ہونے والے پائیدار فوائد بہت کم ہیں۔
خلیج فارس کے شرکاء پر اثرات
امریکہ کی ناکامی کی ابعاد ایران کے ساتھ محاذ آرائی تک محدود نہیں رہی، بلکہ اس کی لاگت براہ راست خلیج فارس کے جنوبی کنارے میں واقع امریکہ کے روایتی شرکاء پر بھی عائد ہوئی ہے۔ امریکہ نے جنگ شروع کرکے اپنے شرکاء کو ایسے بحرانی نتائج سے دوچار کر دیا، جن کی تشکیل میں ان کا کوئی معینہ کردار نہیں تھا۔ تیل اور گیس کی تجارت سے لے کر سیاحت، تجارتی پروازوں، جائیدادوں کی مارکیٹ اور مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے تک، جنگ کے اقتصادی اثرات روایتی فوجی حساب سے کہیں زیادہ ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریر: مهدی حسنی
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ